اٹلی کے سسلی جزیرے میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
سسلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اٹلی کے سیاحتی جزیرے سسلی میں شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ سسلی میں طوفان ہیری کے بعد موسلا دھار بارشوں نے زمین کو کمزور کر دیا، جس سے تقریباً 4 کلومیٹر طویل علاقے میں سرنگ نما دھنساؤ ہوا اور درجنوں گھروں، گاڑیوں اور سڑکوں کو گہری کھائی کے کنارے پر لٹکا دیا۔
نیسچیمی قصبے میں زمین مسلسل دھنستی جا رہی ہے اور گھروں و گاڑیوں کے خطرناک طریقے سے لٹکنے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ مقامی حکام نے متاثرہ علاقے کو نو گو زون قرار دیا ہے۔
بروقت ریسکیو اقدامات اور موسم کی درست پیشن گوئی کی بنا پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم مکانات ناقابلِ استعمال ہو چکے ہیں۔ اطالوی حکومت نے سسلی اور دیگر جنوبی علاقوں کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 100 ملین یورو امداد مختص کی ہے۔












