ارشد شریف کی اہلیہ نے عدالت سے نامزد ملزمان کی طلبی کا مطالبہ کیا اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ارشد شریف شہید کی اہلیہ صومیہ ارشد نے آئینی عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان کے شوہر کے مقدمے میں ازخود نوٹس پر کارروائی جاری رکھی جائے اور نامزد 9 ملزمان کو عدالت میں طلب کیا جائے۔
صومیہ ارشد نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے شوہر کی والدہ نے جن افراد کو مقدمے میں نامزد کیا ہے، ان میں سے کسی کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ ان افراد کو طلب کرکے ان سے جواب طلبی کی جائے۔
علاوہ ازیں کینیا میں موجود ملزمان کی پاکستان میں جائیدادیں ضبط کرنے اور ایک اعلیٰ سطحی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ صومیہ ارشد نے کہا کہ یہ جوڈیشل کمیشن عالمی ماہرین کی معاونت سے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کرے۔















