لاہور میں پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز سے ورلڈکپ فائنل کمبی نیشن طے ہوگا، عثمان طارق ٹرمپ کارڈ ہو سکتے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے ورلڈکپ کے لیے پاکستان کا فائنل کمبی نیشن واضح ہوگا۔ انہوں نے عثمان طارق کو ورلڈکپ میں پاکستان کا ٹرمپ کارڈ قرار دیا ہے۔
ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان آغا نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نہایت اہم ہے اور یہاں پر مختلف کمبی نیشنز آزمائے جا رہے ہیں تاکہ بہترین امتزاج کے ساتھ ورلڈکپ میں شرکت کی جا سکے۔
سلمان آغا نے نوجوان کھلاڑی عثمان طارق پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا امتزاج مثبت نتائج دے سکتا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بڑا چیلنج قرار دیا ہے اور کہا کہ وہ نئی گیند کے ساتھ کسی بھی بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
قذافی اسٹیڈیم میں پہلے میچ کے لیے شائقین کرکٹ بے چینی سے منتظر ہیں جبکہ دونوں ٹیمیں اس سیریز کو ورلڈ کپ سے قبل اپنی تیاریوں کا اہم مرحلہ قرار دے رہی ہیں۔ آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ چکا ہے اور سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا۔















