پنجاب حکومت نے رمضان پیکج کے تحت 47 ارب روپے مختص کیے ہیں جس سے 42 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ اس سال رمضان نگہبان پیکج کے تحت 47 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس سے 42 لاکھ خاندان رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے مستفید ہوں گے۔
عظمیٰ بخاری نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مستحق خاندانوں کو رمضان المبارک سے قبل کارڈز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ گزشتہ سال 30 لاکھ خاندانوں نے پیکج کا فائدہ اٹھایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے اور ان افراد کو فہرست میں شامل کیا گیا جن کی ماہانہ آمدن 45 ہزار روپے سے کم ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کو بھی رمضان نگہبان کارڈ ملے گا اور سہولت بازاروں میں اشیائے خورونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ رمضان المبارک میں منافع خوری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور عوامی فلاح کے لیے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔















