پنجاب میں وائلڈ لائف سروسز کے لیے نیا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کیا گیا ہے، تمام درخواستیں اب ‘ای بز’ پورٹل پر منتقل ہوں گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)وائلڈ لائف رینجرز پنجاب نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی آن لائن سہولیات کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے وائلڈ لائف سروسز کے لیے نیا پلیٹ فارم متعارف کر دیا ہے۔
اب وائلڈ لائف سے متعلق تمام آن لائن سروسز وائلڈ لائف پاس ایپ کے بجائے پنجاب حکومت کے ‘ای بز’ آن لائن پورٹل پر منتقل کر دی گئی ہیں۔ اس تبدیلی کے بعد شکار پرمٹ، لائسنس، بریڈنگ فارم لائسنس، ڈیلر لائسنس اور دیگر متعلقہ سہولیات کے لیے درخواستیں ای بز پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔
چیف وائلڈ لائف رینجر پنجاب مبین الہیٰ نے بتایا کہ پاس ایپ پر دی گئی تمام درخواستوں کا مکمل ڈیٹا نئے ای بز پورٹل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق شکار لائسنس اور پرمٹ کے لیے پہلے سے جمع کروائی گئی درخواستیں بھی خودکار نظام کے تحت نئے پلیٹ فارم پر منتقل ہو چکی ہیں۔
وائلڈ لائف رینجر کا کہنا ہے کہ ای بز پورٹل کے ذریعے صوبائی محکموں کی مختلف آن لائن سہولیات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو آسان اور یکساں سہولت فراہم کی جا سکے۔















