نوشابہ بی بی نے بتایا کہ ان کی 12 سال کی عمر میں شادی ہوئی اور 14 سال کی عمر میں ماں بن گئی تھیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشابہ بی بی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی 12 سال کی عمر میں ہوئی تھی اور 14 سال کی عمر میں وہ ماں بن گئی تھیں۔
نوشابہ بی بی، جنہیں جہان سلطانہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی پر پشتون کرداروں سے کیا اور ان کی شہرت پشتو ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر کئی دہائیوں تک برقرار رہی۔
ان کا تعلق سوات سے ہے اور وہ ہمیشہ ٹی وی پر سر ڈھانپ کر نظر آتی ہیں، جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں ان کی فین فالوونگ کافی وسیع ہے۔
حال ہی میں نوشابہ بی بی نے ایک ڈیجیٹل میڈیا چینل کو انٹرویو میں اپنی کم عمری کی شادی کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ 12 سال کی عمر میں ان کی شادی خالہ زاد سے ہوئی، جس کا اصرار ان کی خالہ نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 14 سال کی عمر میں ماں بننے کے باوجود ان کے شوہر نے ان کے اداکاری کے کیریئر میں بھرپور ساتھ دیا۔















