اسلام آباد میں غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کرنے کی ہدایت

قومی اسمبلی کی کمیٹی نے اسلام آباد میں غیر ضروری چیک پوسٹوں کو فوری ختم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ ٹریفک مسائل کو حل کیا جا سکے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اسلام آباد میں غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں غیر ضروری اندرونی چیک پوسٹوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں اسلام آباد میں ٹریفک جام اور سڑکوں کی بندش کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی آئی جی ٹریفک اور چیف ٹریفک آفیسر نے بتایا کہ زیادہ ٹریفک، ترقیاتی منصوبے اور سکیورٹی چیک پوسٹیں دباؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔

کمیٹی کے ارکان نے غیر ضروری چیک پوسٹوں اور بعض پولیس اہلکاروں کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے زور دیا کہ ٹریفک مسائل اور بندشوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

کمیٹی نے خاص طور پر لتھرار روڈ، ترمڑی چوک، علی پور بینک اسٹاپ، آئی جی پی روڈ، دستور ایونیو، چونگی نمبر 26 اور ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک مسائل کی نشاندہی کی۔ ڈیجیٹل آلات اور جدید ٹریفک مینجمنٹ نظام جلد فعال کرنے پر زور دیا گیا۔

کمیٹی نے ڈی آئی جی ٹریفک کو آئندہ اجلاس میں عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور وزارت داخلہ کو افرادی قوت کی کمی دور کرنے کی ہدایت دی۔

دیگر متعلقہ خبریں