اسلام آباد میں سینئر سٹیزن شپ بل 2025 منظور، 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو 25 فیصد رعایت ملے گی

اسلام آباد میں 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو سرکاری و نجی خدمات پر 25 فیصد رعایت دینے کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اسلام آباد میں بزرگ شہریوں کو خدمات پر رعایت کا بل منظور

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے اسلام آباد سینئر سٹیزن شپ بل 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت دارالحکومت میں 60 سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کو مختلف سرکاری اور نجی خدمات پر 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔

بل رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے پیش کیا گیا، جس کے مطابق بزرگ شہری قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر سہولیات اور رعایتیں حاصل کر سکیں گے، جبکہ علیحدہ سینئر سٹیزن کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے تجویز دی کہ اس عمل میں نادرا سے مشاورت کی جائے، کیونکہ بعض بزرگ شہریوں کے فنگر پرنٹس واضح نہیں ہوتے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اگر یہ اقدام مؤثر ثابت ہو تو اسے صرف اسلام آباد تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پورے ملک میں نافذ کیا جانا چاہیے۔

دریں اثنا، پاکستان سٹیزن شپ بل 2025 پر غور کے دوران تفصیلی بحث کے بعد کمیٹی نے بل مؤخر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مزید آراء طلب کر لیں۔ اجلاس کی صدارت راجہ خرم نواز نے پارلیمنٹ ہاؤس میں کی۔

بحث کے دوران شہری حیثیت، شناختی کارڈز اور 1971 کے بعد سابقہ مشرقی پاکستان سے ہجرت کرنے والوں سے متعلق امور زیر غور آئے۔ کمیٹی اراکین نے نشاندہی کی کہ کئی خاندانوں کو اب بھی شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے حل کے لیے سیاسی اتفاقِ رائے ضروری ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں