جاوید شیخ نے مارننگ شو میں خون کے رشتوں کی کمزوری اور دوستوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے معروف اداکار جاوید شیخ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خون کے رشتوں پر کھل کر بات چیت کی۔ جاوید شیخ نے کہا کہ خون کے رشتے بعض اوقات انسان کو رسوا کردیتے ہیں جبکہ دوستیاں یا روح کے رشتے زیادہ قریبی اور معاون ثابت ہوتے ہیں۔
جاوید شیخ نے اپنی زندگی کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کراچی میں گل پلازہ کے قریب دو کمروں کے مکان میں اپنے آٹھ بہن بھائیوں کے ساتھ محبت کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ فیملی دو طرح کی ہوتی ہیں، ایک میں سب ایک دوسرے کے قریب ہوتے ہیں جبکہ دوسرے میں فاصلے ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کل خون کے رشتے کمزور ہوگئے ہیں اور بچے والدین سے جائیدادیں لے کر انہیں تنہا چھوڑ دیتے ہیں، جبکہ دوست ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ جاوید شیخ کے مطابق خون کے رشتے سے زیادہ قیمتی یہ روح کے رشتے ہوتے ہیں۔















