خیبرپختونخوا میں شدید برفباری کی وجہ سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مسافروں کے لیے سفری الرٹ جاری کیا ہے۔ این ایچ اے نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
خیبرپختونخوا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) شدید برفباری کی وجہ سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مسافروں کے لئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برفباری والے علاقوں میں گاڑیوں پر ‘گرپ چینز’ کا استعمال یقینی بنائیں۔
این ایچ اے نے این 45، این 145، این 95 اور این 90 پر سفر کرنے والے مسافروں کے لئے الرٹ جاری کیا ہے۔ دیر، چترال، سوات اور شانگلہ کی شاہراہوں پر برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ایچ اے نے کہا ہے کہ مسافر ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں این ایچ اے کے فیلڈ اسٹاف یا ٹریفک ہدایات سے رابطہ کریں۔ این ایچ اے کی ٹیمیں اور بھاری مشینری حساس مقامات پر تعینات ہیں اور صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔














