لبنان کی حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ حزب اللہ پر حملہ تصور ہوگا، جس سے پورا خطہ متاثر ہوگا۔
بیروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لبنان کی حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ایران پر کسی بھی حملے کو حزب اللہ کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا اور ایسی جنگ پورے خطے کو لپیٹ میں لے لے گی۔
نعیم قاسم نے ایک ٹی وی خطاب میں بتایا کہ ایران اور حزب اللہ کے درمیان ممکنہ جارحیت میں کوئی فرق نہیں کیا جائے گا، اور ایسی کسی بھی کارروائی کا ہدف حزب اللہ بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اپنے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
نعیم قاسم نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ثالثوں کے ذریعے حزب اللہ سے پوچھا گیا کہ اگر امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف جنگ کرتے ہیں تو کیا حزب اللہ مداخلت کرے گی۔
واضح رہے کہ ایران 1980 کی دہائی میں حزب اللہ کے قیام سے لے کر اب تک اس کا سب سے بڑا حامی رہا ہے اور تنظیم کو مالی وسائل اور اسلحہ فراہم کرتا رہا ہے۔ حزب اللہ نے پیر کو اپنے حامیوں کو لبنان بھر میں جمع ہونے کی کال دی تھی تاکہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ خطرات کے خلاف ایران سے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔












