ستارہ اقبال نے این سی اے میں گلگت بلتستان کی قدیم تہذیب کو جدید انداز میں پیش کیا، جسے ماہرین نے فنی پختگی کی مثال قرار دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلگت بلتستان کی ہونہار طالبہ، ستارہ اقبال نے نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) میں اپنی فائنل تھیسس کے ذریعے گلگت بلتستان کی قدیم تہذیب و ثقافت کو تخلیقی انداز میں اجاگر کیا۔
ستارہ اقبال کی تھیسس قدیم زمانوں کے پتھر سے بنے روایتی برتن ‘روآہ’ پر مبنی ہے، جو روایت اور جدت کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔ ان کا کام این سی اے لاہور کے ڈگری ڈسپلے میں شائقین، اساتذہ اور ماہرین کی توجہ کا مرکز رہا۔
ماہرین نے ستارہ کی تخلیق کو فنی پختگی، ثقافتی شعور اور تخلیقی بصیرت کی مثال قرار دیا، جو مقامی ثقافت کو عالمی تناظر میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ستارہ کا تعلق اسکردو سے ہے اور انہوں نے این سی اے سے پروڈکٹ ڈیزائن میں چار سالہ ڈگری مکمل کی۔
ستارہ کی کامیابی ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور گلگت بلتستان کی ثقافتی شناخت کے فروغ کی مثال ہے، جو نئی نسل کو اپنی روایت سے جوڑتی ہے۔















