وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر کے قیام کی منظوری دی ہے، جہاں نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ تعینات کیے جائیں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر کے قیام کی منظوری دی ہے۔ ہر ڈی ایچ کیو میں نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ کی تعیناتی کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ہر ضلع میں ڈاکٹر اور نرس کو تین ماہ کی سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ دی جائے گی۔ سٹروک مریضوں کے لیے فوری طور پر ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ کا آغاز ہوگا، جس کے تحت ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹر فالج کے علاج کے لیے ماہرین سے ٹیلیفونک رابطہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے سٹروک مینجمنٹ سنٹر کے لیے نرسز ٹریننگ پروگرام شروع کرنے اور فالج کے علاج کے لیے عوامی آگاہی مہم کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فالج کے علاج کے لیے گولڈن آورز کی اہمیت ہے اور خود آگاہی مہم کی قیادت کریں گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر چلڈرن ہسپتال میں سٹروک مینجمنٹ سینٹر بنائیں گے تاکہ مریض کو علاج کے لیے بڑے شہر نہ جانا پڑے۔ خصوصی اجلاس میں ڈاکٹر قاسم بشیر نے سٹروک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ 25 سال سے زائد عمر کے ہر چار میں سے ایک شخص کو فالج کا خطرہ ہوتا ہے۔















