بسنت کے دوران لاہور میں دفعہ 144 نافذ، مذہبی و سیاسی تصاویر والی پتنگوں پر پابندی عائد کی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بسنت کے دوران اشتعال انگیزی روکنے کے لیے حکومت پنجاب نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ مذہبی ہم آہنگی اور امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے پتنگوں پر مذہبی مقامات یا شخصیات کی تصاویر لگانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ مختلف ممالک یا سیاسی جماعتوں کے جھنڈے والی پتنگوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
مذہبی و سیاسی نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر 30 روز کے لیے پابندی ہوگی۔ بسنت کے دنوں میں صرف یک رنگی یا کثیر رنگی پتنگ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ خلاف قانون پتنگوں کی تیاری، ذخیرہ اور فروخت کو تعزیر قرار دیا گیا ہے۔
حکومت نے 6 تا 8 فروری کو محفوظ بسنت کی مشروط اجازت دی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی تار، نائلون یا شیشے سے لیپ شدہ ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہے۔














