بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاکستان پر بنگلادیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف اکسانے کا الزام لگایا ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بنگلادیش کی حمایت کرنے پر پاکستان پر الزام عائد کیا ہے۔
راجیو شکلا نے بتایا کہ ہم نے بنگلادیش کو بھارت میں کھیلنے کی مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنی حکومت کے دباؤ کی وجہ سے بھارت نہ آنے کا فیصلہ کیا۔
شکلا نے کہا کہ بنگلادیش کے نہ کھیلنے کے فیصلے کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی اور اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان پر بنگلادیش کو بلاوجہ معاملات میں مداخلت اور اکسانے کا الزام لگایا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے عدم تحفظ کی وجہ سے بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا اور اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی جسے آئی سی سی نے مسترد کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کی ورلڈکپ سے بے دخلی کے بعد احتجاج کے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے، جس پر چیئرمین پی سی بی کی وزیر اعظم سے ملاقات میں مشاورت ہوئی۔















