بیلجیئم کے 15 سالہ لورینٹ سائمنز نے کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کر لی، وہ دنیا کے کم عمر ترین پی ایچ ڈی ہولڈرز میں شامل ہو گئے۔
بیلجیئم: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بیلجیئم کے 15 سالہ طالبعلم لورینٹ سائمنز نے کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف اینٹورپ میں اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا۔\n\nلورینٹ سائمنز کو ‘بیلجیئم کا ننھا آئن اسٹائن’ کہا جاتا ہے اور وہ ممکنہ طور پر کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی حاصل کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں۔\n\nلورینٹ کی ابتدائی تعلیمی کامیابیاں بھی غیر معمولی رہی ہیں، انہوں نے چار سال کی عمر میں پرائمری اسکول شروع کیا اور چھ سال کی عمر میں ابتدائی تعلیم مکمل کر لی۔ بارہ سال کی عمر تک انہوں نے کوانٹم فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر لی تھی۔\n\nان کی علمی قابلیت کا ایک اور مظہر ان کا 145 آئی کیو ہے، جو دنیا کی محض 0.1 فیصد آبادی میں پایا جاتا ہے۔\n\nلورینٹ نے گیارہ سال کی عمر میں اپنے دادا دادی کے انتقال کے بعد پی ایچ ڈی سے آگے کا ہدف مقرر کیا۔ وہ انسان کی عمر بڑھانے اور ممکنہ طور پر لافانیت سے متعلق تحقیق کرنا چاہتے ہیں اور یہ مقصد انسانیت کی خدمت کے لیے ہے۔











