پاکستانی اور چینی کمپنیوں نے مونگ پھلی کے بہتر بیج متعارف کرنے اور سپلائی چین کی تعمیر کے لیے شراکت داری کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چینی زرعی ٹیکنالوجی کمپنی اور پاکستانی زرعی کاروباری کمپنی نے مونگ پھلی کے بہتر بیج متعارف کروانے اور مقامی سپلائی چین کی تعمیر کے لیے شراکت داری کی ہے۔
شین ڈونگ رینبو ایگریکلچرل ٹیکنالوجی کمپنی اور پاکستان کی عقاب کارپوریشن کے نمائندگان نے بتایا کہ یہ تعاون مونگ پھلی کی کاشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ شین ڈونگ رینبو کی بیرون ملک پروجیکٹ کوآرڈینیٹر چیان ہونگ نے کہا کہ کمپنی پاکستان کی زمین اور آبپاشی کی شرائط کے مطابق بیجوں کے معیار کو بہتر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی مقامی طور پر مونگ پھلی کی کاشت اور چین کو برآمد کے لیے خریداری کا ارادہ رکھتی ہے۔
چیان نے بتایا کہ شین ڈونگ رینبو پہلے ہی مقامی شراکت داروں کے ساتھ مونگ پھلی کے بیجوں کی ترقی پر کام کر رہی ہے اور گذشتہ دو سالوں سے آزمائشیں کر چکی ہے۔
عقاب کارپوریشن کے ایگری ہیڈ ڈاکٹر عاطف مجید نے کہا کہ کمپنی نے پہلے ہی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں اور مزید معاہدے متوقع ہیں۔ مجید نے بتایا کہ شراکت دار پاکستان میں مونگ پھلی کی مکمل سپلائی چین کی ترقی کا منصوبہ رکھتے ہیں جس میں بیجوں کی افزائش اور تحقیق کی سہولیات، بنیادی پروسیسنگ پلانٹس، کولڈ اسٹوریج اور گودام شامل ہیں۔














