ٹرمپ کی اے آئی تصویر پر پینگوئن کی غلطی کے باعث سوشل میڈیا پر طنز و مزاح جاری، وائٹ ہاؤس کو شدید تنقید کا سامنا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جب ایک اے آئی سے تیار کردہ تصویر نے بین الاقوامی سطح پر مذاق کا طوفان کھڑا کردیا۔ یہ تصویر وائٹ ہاؤس کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔
تصویر میں صدر ٹرمپ کو ایک پینگوئن کے ساتھ امریکی پرچم تھامے برف پوش پہاڑوں کی جانب چلتے دکھایا گیا، جبکہ دور گرین لینڈ کا پرچم نصب تھا۔ تصویر کے ساتھ ’ایمبریس دی پینگوئن‘ کی عبارت درج تھی، جو ٹرمپ کی گرین لینڈ سے متعلق دلچسپی کو انٹرنیٹ میم سے جوڑتی ہے۔
پوسٹ پر تنقید کا سلسلہ اس وجہ سے شروع ہوا کہ پینگوئن گرین لینڈ میں نہیں بلکہ انٹارکٹکا میں پائے جاتے ہیں۔ صارفین نے اس غلطی کو جغرافیائی لاعلمی قرار دیا اور طنزیہ تبصرے کیے۔
Embrace the penguin. pic.twitter.com/kKlzwd3Rx7
— The White House (@WhiteHouse) January 23, 2026
چین کے سرکاری میڈیا نے بھی طنزیہ اے آئی ویڈیو جاری کی، جس میں ٹرمپ کو پینگوئن کو رسی سے گھسیٹتے دکھایا گیا۔ امریکی ماڈل الانا حدید نے بھی کہا کہ وائٹ ہاؤس کو گرین لینڈ میں پینگوئن کی عدم موجودگی کا علم ہونا چاہیے تھا۔
یہ پوسٹ صدر ٹرمپ کی گرین لینڈ سے متعلق سفارتی پالیسی سے جوڑی گئی تھی، مگر یہ عالمی سطح پر جغرافیہ کا سبق اور سوشل میڈیا طنز بن گئی۔











