وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تیراہ آپریشن نہ روکا گیا تو نئی حکمت عملی بنائیں گے، عمران خان کی رہائی کے لیے بھی تیار ہیں۔
سوات: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ اگر دو یا تین روز میں تیراہ آپریشن نہ روکا گیا تو نئی حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کی ریلی سے خطاب میں سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تیراہ کے لوگوں کو نکالنے کا حکم نہیں دیا گیا، جیسے وہ شادی کی تقریب میں جا رہے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا اور تیراہ کے لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج اور اداروں کے خلاف نہیں ہیں، لیکن سیاست میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف ہیں۔
سہیل آفریدی نے عمران خان کی رہائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد جانے کی پوری تیاری کریں گے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوشش کریں گے۔
وفاقی حکومت نے تیراہ وادی کو فوجی احکامات پر خالی کرانے کی خبروں کی تردید کی اور ان دعوؤں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔















