سندھ حکومت نے 230 کھلاڑیوں کو ایک کروڑ 25 لاکھ کی مالی امداد کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد مستحق کھلاڑیوں کی معاشی مشکلات کو کم کرنا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ حکومت نے انڈومنٹ فنڈ کے تحت 230 کھلاڑیوں کو ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس امداد کا مقصد مستحق کھلاڑیوں کو ان کے معاشی مسائل سے نجات دلانا ہے تاکہ وہ کھیلوں سے وابستہ رہ سکیں۔
سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر کی زیر صدارت انڈومنٹ کمیٹی کے سالانہ اجلاس میں 30 مرحومین کھلاڑیوں کی بیواؤں کے لیے بھی مالی امداد کی منظوری دی گئی۔
درخواست دہندگان میں ہاکی، فٹبال، باکسنگ، کوڈی کوڈی، ملھ پہلوانی سمیت مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑی شامل تھے۔ سیکریٹری کھیل نے کہا کہ شدید بیمار کھلاڑی یا ان کے انتقال کے بعد ان کی بیوائیں بھی مالی امداد کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔















