وفاقی حکومت نے کراچی میں اکنامک زون اور دو دانش اسکول قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے صنعتی سرگرمیاں اور تعلیمی معیار بہتر ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)وفاقی حکومت نے کراچی میں اکنامک زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی ٹنڈو محمد خان اور کراچی میں ایک ایک دانش اسکول بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے سندھ کے عوام خصوصاً کراچی کے تاجروں کو یہ تحفہ دیا ہے۔
حکومت پاکستان کے ترجمان برائے سندھ، بیرسٹر راجہ خلیق الزماں انصاری نے بتایا کہ سندھ میں تعلیمی اور معاشی ترقی کے بڑے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر دو دانش اسکول قائم کیے جائیں گے جو ٹنڈو محمد خان اور گڈاپ ملیر کراچی میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دانش اسکول جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ ہوں گے اور کم وسائل والے علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی کے ضلع ملیر میں ایک اکنامک زون قائم کیا جا رہا ہے جس سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبے سندھ اور پاکستان کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے، اور وفاقی حکومت وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں سندھ کی ترقی اور معاشی خود کفالت کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔














