پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے کا آغاز ہو گیا، 51 شہروں میں سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر جاری۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے 51 شہروں میں سیوریج، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر کام شروع ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 5,887 کلومیٹر طویل سیوریج اور 181 ڈرینج لائنیں تعمیر کی جائیں گی۔
مریم نواز کے سوہنا پنجاب پراجیکٹس کے تحت ایک سو کلومیٹر طویل سڑکیں اور گلیاں پختہ کی جائیں گی، جبکہ 33 ہزار سے زائد نئے مین ہول ڈھکن فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر منصوبے کی شفاف اور بروقت تکمیل کے لیے صوبائی و ضلعی کنٹرول رومز قائم کرنے کی ہدایت دی اور ڈپٹی کمشنرز سے پیشرفت رپورٹس بھی طلب کیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے منصوبہ جون تک مکمل کیا جائے اور ہر شہری کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔















