انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ یکم فروری کو ہوگا۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دونوں میچز جیتنے ہوں گے۔
بلوایو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ یکم فروری کو کوئنز اسپورٹس کلب، بلوایو میں ہوگا۔
گزشتہ روز بھارت نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کے آر ایس امبریش نے 4 وکٹیں لیں جبکہ کپتان آیوش مہاترے نے نصف سنچری اسکور کی۔
گروپ سی میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر دوسری پوزیشن حاصل کی اور سپر سکس مرحلے میں دو پوائنٹس کے ساتھ داخل ہوا۔ پاکستان کا پہلا سپر سکس میچ 27 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو دونوں سپر سکس میچز جیتنا ہوں گے۔ سپر سکس کے ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 3 اور 4 فروری جبکہ فائنل 6 فروری کو ہوگا۔















