حکومت نے اسٹامپ پیپرز کی فیسوں میں اضافہ کردیا، عوام کو مالی مشکلات کا سامنا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے اسٹامپ پیپرز کی فیسوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ای اسٹامپ پیپرز کی کم از کم مالیت 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کردی گئی ہے۔ طلاق کے اسٹامپ پیپر کی قیمت 100 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے کردی گئی ہے جبکہ نئے اسکولز میں داخلوں اور ملازمت کیلئے ڈومیسائل اسٹامپ پیپر کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کردی گئی ہے۔
بجلی، سوئی گیس اور پانی کے نئے کنکشن اسٹامپ فیس بھی 100 روپے کی بجائے اب 1000 روپے ہوگی جبکہ پراپرٹی سیلز ایگریمنٹ ای اسٹامپ پیپر کی فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے کردی گئی ہے۔ دیگر معاہدوں کیلئے استعمال ہونے والے ای اسٹامپ پیپر کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کردی گئی ہے۔
پانچ لاکھ روپے تک کے معاہدے کیلئے ای اسٹامپ پیپر کی فیس 1200 سے بڑھا کر 3000 روپے جبکہ پانچ لاکھ سے دس لاکھ روپے تک کے معاہدے کی فیس 6000 روپے کردی گئی ہے۔ ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کیلئے استعمال ہونے والے اسٹامپ پیپر کی فیس میں 20000 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
پاور آف اٹارنی کے ای اسٹامپ پیپر کی فیس 1500 سے بڑھا کر 1800 روپے کردی گئی ہے، جبکہ اشٹام پیر کے لئے سائل کے نام پر موبائل فون کی سم بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔














