یورپی یونین اور بھارت نے آزاد تجارتی معاہدے پر اتفاق کی امید ظاہر کی ہے، جسے بھارتی وزیر تجارت نے اہم قرار دیا ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپی یونین اور بھارت نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آزاد تجارتی معاہدے پر پیش رفت کی امید ظاہر کی ہے، جسے بھارتی وزیر تجارت نے “مدر آف آل ڈیلز” قرار دیا ہے۔ یورپی یونین کے اعلیٰ حکام آئندہ ہفتے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لیین نے کہا ہے کہ فریقین ایک تاریخی تجارتی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آ رہا ہے جب عالمی نظام کو جنگوں، دباؤ اور معاشی تقسیم جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
یورپی یونین اور بھارت کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت تقریباً دو دہائیوں سے جاری ہے، جو اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا بھی ری پبلک ڈے کی تقریبات میں شرکت کے بعد ہونے والے یورپی یونین۔بھارت سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین اور بھارت مل کر دنیا کی تقریباً ایک چوتھائی آبادی اور عالمی مجموعی پیداوار کی نمائندگی کرتے ہیں۔ 2024 میں دونوں کے درمیان اشیائے تجارت کا حجم 120 ارب یورو تک پہنچ گیا، جبکہ خدمات کی تجارت 60 ارب یورو رہی۔
Europe is ready to deliver on a powerful new agenda with India.
Today, the EU agreed to move forward with the signature of a new Security and Defence Partnership.
It will expand our cooperation in areas such as maritime security, counterterrorism and cyber-defence.
I look… pic.twitter.com/3SQQRovTYb
— Kaja Kallas (@kajakallas) January 21, 2026
ماہرین کے مطابق یورپی یونین بھارتی منڈی تک بہتر رسائی چاہتی ہے، خاص طور پر گاڑیوں، مشینری اور کیمیکلز کے شعبوں میں، جبکہ بھارت ٹیکسٹائل، ادویات اور دیگر مصنوعات کے لیے یورپی منڈیوں میں آسان رسائی کا خواہاں ہے۔
توقع ہے کہ سربراہ اجلاس میں تجارتی معاہدے کے ساتھ ساتھ نقل و حرکت، سلامتی اور دفاعی تعاون سے متعلق معاہدوں پر بھی بات چیت ہو گی، جن میں سمندری سلامتی، سائبر سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر امریکا اور چین کے ساتھ بڑھتی معاشی کشیدگی کے پس منظر میں یورپی یونین اور بھارت دونوں نئی شراکت داریوں کے ذریعے اپنے معاشی اور اسٹریٹجک مفادات کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔











