تھرپارکر میں غذائی قلت اور امراض کے باعث تین ہفتوں میں 45 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ 75 بچے زیر علاج ہیں۔
تھرپارکر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کے اسپتال میں گزشتہ تین ہفتوں میں غذائی قلت اور مختلف امراض کی بنا پر 45 معصوم بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 75 بچے تاحال زیر علاج ہیں۔
ایم ایس سول اسپتال مٹھی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں جاں بحق ہونے والے تین بچوں کی عمریں ایک سال سے کم تھیں۔ ایم ایس کے مطابق سردی اور غذائی قلت کے باعث یہ بچے پیدائشی طور پر کم وزن اور مختلف بیماریوں کا شکار تھے جو دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔
ایم ایس مٹھی اسپتال کا کہنا ہے کہ بچوں کے وارڈ میں گنجائش 70 بچوں کی ہے جبکہ اس وقت سردی اور دیگر امراض میں مبتلا 76 بچے زیر علاج ہیں۔ بیمار بچوں کے والدین نے شکایت کی ہے کہ اسپتال کے بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں طبی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔















