فیصل آباد سے راولپنڈی جانے والی ٹرین میں خاتون مسافر کو تھپڑ مارنے پر ٹکٹ چیکر ارشاد معطل کر دیا گیا۔ واقعے کی انکوائری شروع ہو چکی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیصل آباد سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس ٹرین میں خاتون مسافر کو تھپڑ مارنے پر ریلوے حکام نے ٹکٹ چیکر ارشاد کو معطل کر دیا ہے۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد نے بتایا کہ واقعے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
یہ واقعہ ٹرین میں سامان رکھنے پر مسافروں کے درمیان جھگڑے کے دوران پیش آیا، جس کے بعد ویڈیوز بنانے پر معاملہ مزید بڑھ گیا اور ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ ٹرین کچھ دیر رکی رہی اور دیگر مسافروں نے جھگڑے کو ختم کرایا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق مسافروں کی شکایات پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پیر کے روز انکوائری ٹیم کے سامنے ٹکٹ چیکر، ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار اور گارڈ پیش ہوں گے۔ یہ واقعہ 4 سے 5 روز قبل پیش آیا تھا۔














