محسن نقوی اور امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے جعلی ویزا نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ کارروائی پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے اہم ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور پری امیگریشن کلیرنس نظام کی افادیت پر بات کی گئی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ جعلی ویزا نیٹ ورکس کے خلاف جامع ایس او پیز کے تحت مشترکہ کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور جعلی ویزا نیٹ ورکس کیخلاف کارروائی کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے غیر قانونی امیگریشن کو سنجیدہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ موثر اقدامات سے اس میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔















