ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، گورنر نے رپورٹ طلب کی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
گورنر نے قریشی موڑ دھماکے پر اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے جلد تحقیقات اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
گزشتہ رات جنوبی وزیرستان ٹھیکیدار یونین کے صدر نور حسن محسود کے گھر شادی کی تقریب میں یہ دھماکہ ہوا تھا، جس میں ایڈووکیٹ عبدالمجید لاگری محسود سمیت 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور زخمیوں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔














