برطانوی وزیراعظم نے امریکی صدر ٹرمپ کے نیٹو کے کردار سے متعلق بیان کو خطرناک اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے امریکی صدر ٹرمپ کے افغانستان میں نیٹو کے کردار سے متعلق بیان کو خطرناک اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ اگر میں نے ایسا بیان دیا ہوتا تو معافی مانگتا۔ انہوں نے نائن الیون کے بعد افغانستان میں نیٹو کی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران 457 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ نیٹو فوجی افغانستان میں فرنٹ لائن سے دور رہے۔
کنزرویٹو لیڈر کیمی بیڈینوک نے بھی ٹرمپ کے بیان کو فضول بکواس قرار دیا۔ دوسری جانب برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے کہا کہ نیٹو افواج کی قربانیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اپنی افغانستان میں خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوست بنائے اور کھوئے ہیں، اور اہل خانہ نے اپنے پیاروں کو دفن کیا۔












