آزاد کشمیر میں شدید برفباری سے مظفر آباد کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند اور مواصلاتی نظام متاثر ہو گیا۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے باعث مظفر آباد میں 9 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بالائی علاقوں میں ہر چیز برف سے ڈھک گئی، اور رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔ وادی لیپہ، بالائی نیلم اور پیر چناسی سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری نے زندگی کو مفلوج کر دیا۔ کیل میں 3 فٹ اور ہلمت گریس ویلی میں 4 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں بجلی کی لائنیں اور پول گرنے سے مواصلاتی نظام متاثر ہو گیا۔
برفباری کے باعث ضلع نیلم کے تعلیمی اداروں میں دو روز کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا جبکہ وادی لیپہ سمیت متعدد علاقوں کی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔ دیامر کے بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری جاری ہے، بابوسر ٹاپ ہر طرف سفیدی میں ڈوب گیا۔
شانگلہ میں 20 سال بعد برفباری ہوئی جس سے ضلعی ہیڈکوارٹرز الپوری میں 3 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ سڑکوں کی بندش کے باعث مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میران شاہ اور میر علی میں بھی 12 سال بعد برفباری ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ بلوچستان میں بھی شدید برفباری ہوئی، چمن میں 35 سال بعد شدید برفباری ریکارڈ کی گئی۔















