نیٹو کے سابق فوجیوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکی افواج کے ساتھ مل کر بھاری جانی قربانیاں دیں۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیٹو کے سابق فوجیوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو توہین آمیز قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نیٹو افواج افغانستان میں محاذِ جنگ سے دور رہیں۔ سابق فوجیوں کا کہنا ہے کہ نیٹو اتحادیوں نے امریکی افواج کے ساتھ مل کر بھاری جانی قربانیاں دیں۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے بھی ٹرمپ کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیٹو افواج نے دو دہائیوں تک جاری رہنے والی جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکا کو نیٹو کی ضرورت نہیں تھی اور یورپین افواج محاذ جنگ سے دور تھیں۔
پولینڈ کے ریٹائرڈ جنرل رومن پولکو نے کہا کہ ٹرمپ نے سرخ لکیر عبور کی ہے اور نیٹو اتحادی اس بیان پر معذرت کے منتظر ہیں۔ برطانیہ کے ویٹرنز منسٹر الیسٹر کارنز نے ٹرمپ کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ نیٹو کے اجتماعی دفاع کی شق 5 کے تحت افغانستان میں نیٹو کی فوجی شمولیت 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد ہوئی۔












