وفاقی وزیر احسن اقبال نے 18 سے 25 سال ووٹ کی عمر کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا، حکومت ایسی کسی تجویز پر غور نہیں کر رہی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ووٹ ڈالنے کی عمر 18 سے بڑھا کر 25 سال کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی کسی تجویز پر غور نہیں کر رہی اور نہ ہی پارلیمان میں کوئی قانون سازی زیرِ بحث ہے۔
احسن اقبال نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے واضح کیا کہ ووٹنگ کی عمر میں اضافے سے متعلق کوئی منصوبہ زیرِ غور نہیں ہے اور حکومت اس حوالے سے کوئی اقدام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
وزیر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کا آئینی حقِ رائے دہی محدود کرنے کا کوئی سوال نہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام لگایا کہ وہ سیاسی مقاصد کے لیے غلط معلومات پھیلا رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار سمجھتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
حال ہی میں میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر حکومت کی جانب سے ووٹ ڈالنے کی کم از کم عمر 25 سال کرنے کی افواہیں گردش میں تھیں، جنہیں وفاقی وزیر نے مسترد کردیا۔















