حدیقہ کیانی کی برطانیہ میں غزہ متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ

حدیقہ کیانی برطانیہ میں غزہ متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ ڈنرز کریں گی، جن میں امدادی رقوم جمع کی جائیں گی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
حدیقہ کیانی کی برطانیہ میں غزہ متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ

لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) معروف گلوکارہ اور سماجی کارکن حدیقہ کیانی برطانیہ کے مختلف شہروں میں فنڈ ریزنگ ڈنرز میں شرکت کریں گی۔ ان تقریبات کا مقصد غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں سے متاثرہ بیواؤں اور یتیم بچوں کے لیے امدادی رقوم جمع کرنا ہے۔

حدیقہ کیانی اس مہم میں الخدمت فاؤنڈیشن اور آغوش یو کے کے ساتھ اشتراک کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈنرز مانچسٹر، لندن، ناٹنگھم، برمنگھم، پیٹربرا اور بریڈفورڈ میں منعقد ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق حدیقہ کیانی 23 جنوری کو مانچسٹر میں پہلی تقریب میں شرکت کریں گی اور پھر 24 جنوری کو لندن میں فنڈ ریزنگ ڈنر ہوگا۔ ناٹنگھم اور برمنگھم میں 25 جنوری کو، جبکہ پیٹربرا اور بریڈفورڈ میں 26 اور 27 جنوری کو ڈنرز ہوں گے۔

منتظمین کے مطابق جنرل ٹکٹ کی قیمت 40 پاؤنڈ اور وی آئی پی ٹکٹ 150 پاؤنڈ میں دستیاب ہیں۔ 10 افراد کی مکمل میز کے لیے 1000 پاؤنڈ مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ 6 سال سے کم عمر بچوں کے لیے کھانا مفت ہوگا۔ لندن اور مانچسٹر کی تقریبات پر 25 فیصد رعایت بھی دی جا رہی ہے۔

منتظمین نے واضح کیا ہے کہ ان تقریبات میں حدیقہ کیانی گلوکاری پیش نہیں کریں گی۔ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود حالات کشیدہ ہیں، حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں