عامر خان اور گوری اسپراٹ نے ممبئی میں اکٹھا رہنے کا فیصلہ کیا، شادی کا باضابطہ فیصلہ بعد میں ہوگا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی گرل فرینڈ گوری اسپراٹ کے ساتھ رہنے جا رہے ہیں۔ حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ وہ اور گوری پارٹنرز ہیں اور ان کا دل پہلے ہی اس رشتے کو تسلیم کر چکا ہے، تاہم باضابطہ شادی کا فیصلہ وقت کے ساتھ کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 61 سالہ عامر خان اور گوری اسپراٹ ممبئی میں ایک جدید طرزِ تعمیر پر مشتمل پُرتعیش رہائش گاہ میں منتقل ہو رہے ہیں۔ عامر خان نے واضح کیا کہ وہ فوری طور پر شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، لیکن ان کے درمیان مضبوط اور بالغ تعلق ہے۔
یاد رہے کہ عامر خان نے پہلی شادی 1986 میں رینا دتہ سے کی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ ان کی دوسری شادی 2005 میں کرن راؤ سے ہوئی، جو 2021 میں اختتام پذیر ہوئی۔ گزشتہ برس انہوں نے گوری اسپراٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کا اعلان کیا تھا۔















