مریم نواز نے لاہور میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک پیٹرولنگ کار کا افتتاح کیا، جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ ایندھن کی بچت بھی کرے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک پیٹرولنگ کار کا افتتاح کیا، جس سے پنجاب کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
مریم نواز نے الیکٹرک پیٹرولنگ کار کا معائنہ کیا اور خود بھی ڈرائیو کی۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ گاڑی فی چارج 410 کلومیٹر تک چل سکتی ہے اور 30 منٹ میں 30 سے 80 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔
اس گاڑی میں جدید پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور اسپیڈ ڈیٹیکشن آلات موجود ہیں۔ پیٹرولنگ پر موجود 103 گاڑیاں ماہانہ 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی بچت اور کاربن اخراج میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید الیکٹرک گاڑیاں شامل کرنے اور دیگر اضلاع میں بھی یونٹ شروع کرنے کی ہدایت دی۔















