پاکستان نے 6 ماہ میں 1254 ارب روپے کا بیرونی قرض حاصل کیا، سعودی عرب اور اسلامی ترقیاتی بینک کی مدد سے مزید معاونت ملی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 1254 ارب روپے کا بیرونی قرضہ حاصل کیا ہے۔ وزارت اقتصادی امور کی سرکاری دستاویز کے مطابق، حکومت نے گزشتہ مالی سال کی نسبت 29 فیصد زیادہ قرض لیا، جس کی مالیت 280 ارب روپے ہے۔ جولائی سے دسمبر تک پاکستان کو 17 ارب 67 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی ملی، اور مجموعی بیرونی مالی معاونت 1272 ارب روپے رہی۔
امریکی کرنسی میں پاکستان کو 6 ماہ کے دوران 4 ارب 50 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 904 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 3 ارب 60 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔ آئی ایم ایف سے ملنے والا قرض اس کے علاوہ ہے۔
گزشتہ 6 ماہ کے دوران نان پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 785 ارب اور پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 487 ارب روپے حاصل کیے گئے۔ ان میں سے بجٹ سپورٹ کے لیے 458 ارب 72 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔ سعودی عرب نے پاکستان کو 170 ارب روپے کی آئل فیسلیٹی فراہم کی جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 137 ارب روپے کا قرض دیا۔
دستاویز کے مطابق، رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 5777 ارب روپے قرض لینے کا تخمینہ ہے۔ نومبر میں 144 ارب روپے، جولائی میں 198 ارب، اگست میں 192 ارب، ستمبر میں 124 ارب اور اکتوبر میں 133 ارب روپے قرض لیا گیا۔ دسمبر میں 97 کروڑ ڈالر باہمی اور کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت ملے اور 23 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کے نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس جاری کیے گئے۔














