ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی، کوئٹہ اور دیگر مقامات پر سردی میں اضافہ ہوا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا آغاز ہو چکا ہے، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، کوژک ٹاپ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری ہوئی ہے۔
برفباری کی وجہ سے کان مہترزئی میں ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے جبکہ بارش کے باعث کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی معطلی کا سامنا ہے۔ نوشکی میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دوپہر سے شام تک بارش کی توقع ہے۔
آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔















