امریکی صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر یورپ پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی واپس لے لی۔ نیٹو کے ساتھ مذاکرات کے بعد معاہدے کا فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر یورپ پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی واپس لے لی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ایک مثبت ملاقات کے بعد گرین لینڈ کے حوالے سے ممکنہ معاہدے کا فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ امریکا اور تمام نیٹو ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف مذاکرات کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس پیش رفت کے پیش نظر یورپ پر یکم فروری سے نافذ کیے جانے والے ٹیرف عائد نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے پہلے دھمکی دی تھی کہ جو یورپی ممالک گرین لینڈ پر قبضے کی مخالفت کریں گے، ان پر ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
فرانس، جرمنی اور ناروے نے صدر ٹرمپ کی دھمکی کو بلیک میلنگ قرار دیا تھا، لیکن اب ٹیرف کی واپسی کے اعلان سے تنازعہ ختم ہوتا نظر آ رہا ہے۔











