ملک بھر میں آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں آج سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، جہاں لہہ میں منفی 10، گوپس میں منفی 6، بگروٹ میں منفی 5، کالام اور مالم جبہ میں منفی 4، قلات اور کوئٹہ میں منفی 3، مری میں منفی ایک، اسلام آباد میں 3، لاہور میں 5، پشاور میں 7، اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آج سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پنجاب، سندھ، اسلام آباد میں بھی آج بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے، اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔















