اوپن اے آئی 2026 کی دوسری ششماہی میں چیٹ جی پی ٹی ڈیوائس متعارف کرائے گا، جو کان کے پیچھے پہننے کے قابل ہوگی۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی پہلی چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ڈیوائس 2026 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرائے گا، جو کان کے پیچھے پہننے کے قابل ہوگی۔
اوپن اے آئی کے گلوبل افیئرز آفیسر کرسک لیہان نے کہا ہے کہ یہ ڈیوائسز 2026 میں کمپنی کی اہم ترین پیشرفت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ 2026 کے آخر تک یہ ڈیوائسز مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
ماضی کی لیکس کے مطابق، یہ ڈیوائس ایپل کے ایئر پوڈز کی طرح ہوگی، جو کانوں کے پیچھے لگائی جا سکے گی۔ اوپن اے آئی نے مئی 2025 میں ایپل کے سابق ڈیزائن چیف جونی آئیو اور اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین کی مشترکہ کمپنی کو خریدا تھا، جس کا مقصد وائس ایکٹیو اے آئی اسسٹنٹ تیار کرنا ہے۔
سام آلٹمین نے کہا کہ اوپن اے آئی اسمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر چیٹ جی پی ٹی ہارڈ وئیر تیار کرنے پر کام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے جاپانی میڈیا کو بتایا کہ ہمیں امید ہے کہ شراکت داری کے ذریعے ہم چیٹ جی پی ٹی اے آئی ہارڈ وئیر ڈیوائس تیار کر سکیں گے۔















