مالی سال 2024-25 میں چینی کی پیداوار 10 لاکھ ٹن کم، قیمتوں میں اضافہ؛ حکومت نے درآمد کی اجازت دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مالی سال 2024-25 کے دوران چینی کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 لاکھ ٹن کمی ریکارڈ کی گئی۔ وزارت فوڈ سیکیورٹی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریری جواب میں بتایا کہ زرعی اور موسمی عوامل اس کمی کی بڑی وجوہات ہیں۔
وزارت کے مطابق سکروز ریکوری کی شرح 9.58 فیصد تک کم ہو گئی، جو سال 2015 کے بعد کم ترین سطح ہے۔ نومبر 2024 میں چینی کی قیمت 130 روپے فی کلو تھی، جو مارچ 2025 کے وسط تک 172 روپے فی کلو تک بڑھ گئی۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر ڈپٹی وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چینی درآمد کی اجازت دی گئی، تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ درآمدی چینی اور مالی رعایتوں سے مارکیٹ میں سپلائی بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔















