مقبوضہ مشرقی یروشلم میں اسرائیل نے اقوام متحدہ کے انروا ہیڈکوارٹر کو مسمار کر دیا، جسے اقوام متحدہ کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
مقبوضہ مشرقی یروشلم: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی حکام نے منگل کو مقبوضہ مشرقی یروشلم کے علاقے شیخ جراح میں اقوام متحدہ کے فلسطینی مہاجرین کے ادارے انروا (UNRWA) کے ہیڈکوارٹر کو منہدم کر دیا۔ اسرائیلی بلڈوزرز نے صبح کمپاؤنڈ میں داخل ہو کر سکیورٹی اہلکاروں کو باہر نکالا اور عمارت کو مسمار کرنا شروع کر دیا۔
انروا کے ترجمان جوناتھن فاؤلر نے اس کارروائی کو غیر معمولی حملہ قرار دیا اور کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق اگر آج انروا کو نشانہ بنایا گیا ہے تو کل کسی بھی بین الاقوامی ادارے کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے۔
انروا کے مغربی کنارے میں ڈائریکٹر رولینڈ فریڈرک نے کہا کہ یہ اقدام سیاسی نوعیت کا ہے اور مقصد زمین پر قبضہ کر کے یہودی آبادیاں تعمیر کرنا ہے۔ اسرائیلی حکام نے اسے دہشت گردی کی حمایت کے خلاف ضروری کارروائی قرار دیا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ یہ کمپاؤنڈ اسرائیل کی ملکیت ہے اور انروا کو کوئی استثنا حاصل نہیں، جبکہ انروا حکام نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی ملکیت ہے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت محفوظ ہے۔












