پنجاب کی عدالتوں میں جعلی مقدمات کی روک تھام کے لئے بائیو میٹرک نظام نافذ کر دیا گیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب کی عدالتوں میں جعلی مقدمات کی روک تھام کے لئے آج سے بائیو میٹرک نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عدالتی نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد اس نظام کا نفاذ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق عدالتی کارروائی سے قبل تمام فریقین کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔
نئے نظام کے تحت درخواست گزار، مدعا علیہ اور ضامن کو نادرا کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہوگی، بصورت دیگر کوئی درخواست عدالت میں دائر نہیں کی جا سکتی۔
عدالتی حکام نے بتایا کہ اس نظام سے جعلی مقدمات اور فرضی ضمانتوں کا خاتمہ ہوگا۔ وکلا تنظیموں نے اس اقدام کو عدالتی شفافیت میں اضافے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔















