اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ ممبئی میں ٹریفک حادثے سے بال بال بچ گئے، دونوں محفوظ ہیں۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی ووڈ کی مشہور اداکار جوڑی اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ گزشتہ رات ممبئی میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے سے محفوظ رہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ جوڑا بیرونِ ملک سفر سے واپس آنے کے بعد ایئرپورٹ سے جوہو میں واقع اپنے گھر جا رہا تھا۔ رات تقریباً 9 بجے سلور بیچ کیفے کے قریب ایک تیز رفتار مرسڈیز نے ایک آٹو رکشہ کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں رکشہ اکشے کمار کے سیکیورٹی قافلے میں شامل ایک گاڑی سے جا ٹکرایا۔
اس گاڑی کی ٹکر سے اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی ایس یو وی بھی معمولی طور پر متاثر ہوئی، تاہم دونوں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق آٹو رکشہ بری طرح دب گیا تھا لیکن خوش قسمتی سے اس میں سوار ڈرائیور اور ایک مسافر کو کافی دیر جدوجہد کے بعد زندہ باہر نکال لیا گیا۔ اکشے کمار خود گاڑی سے باہر نکلے اور اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر رکشہ کو اٹھا کر زخمی افراد کو باہر نکالنے میں مدد کی۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں کوئی بھی شخص شدید زخمی نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ یہ جوڑا اپنی شادی کی پچیسویں سالگرہ منانے کے بعد وطن واپس پہنچا تھا۔












