سینیٹ نے کالا جادو اورعاملوں کے خلاف سخت سزاؤں کا بل منظور کر لیا

سینیٹ نے کالا جادو اور عاملوں کے خلاف سخت سزاؤں کا بل منظور کر لیا، مجرموں کو 7 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
سینیٹ نے کالا جادو اور عملیات کے خلاف سخت سزاؤں کا بل منظور کر لیا

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹ نے پیر کو کالا جادو، عاملوں اور جادو ٹونے کے خلاف سخت سزاؤں پر مبنی بل منظور کر لیا ہے، جس کے تحت ایسے جرائم میں ملوث افراد کو 7 سال تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔

منظور شدہ بل کے مطابق پاکستان پینل کوڈ میں نئی دفعہ 297 اے شامل کی جا رہی ہے، جو جادو، ٹونے، عملیات اور ان کی تشہیر سے متعلق ہوگی۔ بل میں کہا گیا ہے کہ جو شخص جادو یا اس کی تشہیر میں ملوث پایا گیا، اسے 6 ماہ سے 7 سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔

قانون کے تحت وہ افراد بھی سزا کے دائرے میں آئیں گے جو روحانی علاج، دم درود یا کونسلنگ کے نام پر کالا جادو، عامل گری یا جادو ٹونے کی خدمات فراہم کرتے یا ان کی تشہیر کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت مجرم کو 10 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد کر سکے گی۔

بل میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ مستند اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ لائسنس کے تحت فراہم کی جانے والی روحانی کونسلنگ اس قانون کے اطلاق میں شامل نہیں ہو گی۔

اجلاس کے دوران سینیٹ نے دیگر اہم قانون سازی بھی منظور کی۔ ایوان بالا نے ذہنی صحت ترمیمی بل، پاکستان نرسنگ کونسل ترمیمی بل اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل کی منظوری دی۔ ان بلوں کو پاکستان پیپلز پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز نے پیش کیا۔

اس کے علاوہ سینیٹ نے وفاقی نصاب و درسی کتب سے متعلق بل اور سول سرونٹس ترمیمی بل بھی منظور کر لیا۔

دیگر متعلقہ خبریں