بھارت کے ضلع بریلی میں باجماعت نماز ادا کرنے پر پولیس نے 12 افراد کو گرفتار کیا، جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
بریلی (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں پولیس نے ایک گھر میں باجماعت نماز ادا کرنے پر 12 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں مسلمان افراد کو ایک خالی مکان میں باجماعت نماز ادا کرتے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق مقامی افراد نے اطلاع دی کہ یہ مکان عارضی مسجد کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔ پولیس نے امن و امان کی خلاف ورزی کے الزام میں کارروائی کی۔ گرفتار شدگان کو بعدازاں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔
کانگریس رہنما ڈاکٹر شمع نے پولیس کی کارروائی پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ان افراد کو کس قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔ انڈین نیشنل کانگریس کی ترجمان سپریا شرینیت نے بھی واقعے کی مذمت کی اور مذہبی عبادت پر کارروائیوں کی مخالفت کی۔













