گل پلازہ سانحے میں کراچی کی تین خواتین اور سکھر سے آئے محمد اطہر کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ متاثرین کی تلاش جاری ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گل پلازہ سانحے میں تین خواتین اور سکھر سے آئے محمد اطہر کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا، لواحقین کو ریسکیو آپریشن کی رفتار پر اعتراضات ہیں۔
ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں دو روز قبل لگنے والی آگ نے کئی گھرانے اجاڑ دیے ہیں، ایک ہی گھر کی تین خواتین شعلوں کی نذر ہو گئیں۔
گھر کے سربراہ قیصر نے بتایا کہ ان کی اہلیہ، بہو اور بہن کا کوئی پتہ نہیں چل رہا۔ قیصر نے انتظامیہ کی غفلت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے بروقت کارروائی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
دوسری جانب محمد اطہر، جو سکھر سے خریداری کے لیے آئے تھے، کا بھی تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ ان کے قریبی رشتے دار نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ محمد اطہر نے آخری بار گل پلازہ میں آگ کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد ان کا موبائل بند ہے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ 40 گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر بجھائی نہ جا سکی، اور جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی ہے، جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔















