گل پلازہ سانحے کے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف اوقات میں کام کریں گی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گل پلازہ سانحے کے ریسکیو آپریشن کی مؤثر نگرانی کے لیے ڈپٹی کمشنر جنوبی نے کمشنر کراچی کے احکامات پر 30 افسران پر مشتمل چھ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق ہر ٹیم میں ایک سربراہ، دو اسسٹنٹ کمشنرز اور دو مختیارکار شامل ہوں گے۔ یہ ٹیمیں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گی اور تین شفٹوں میں کام کریں گی تاکہ ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رہ سکے۔
پہلی ٹیم ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ امیر فضل اویس کی سربراہی میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کام کرے گی، دوسری ٹیم کی قیادت ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کریں گے۔
تیسری ٹیم اے ڈی سی ون ساؤتھ اسمیٰ بتول بطول کی سربراہی میں دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک کمانڈنگ افسر کے فرائض انجام دے گی۔ چوتھی ٹیم اے ڈی سی ون سینٹرل عاصم عباسی کی قیادت میں رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک کام کرے گی۔
پانچویں ٹیم اے ڈی سی ون ایسٹ سمیع اللہ سنجرانی کی سربراہی میں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک خدمات انجام دے گی۔ چھٹی ٹیم اے ڈی سی ون کیماڑی عبدالستار ہکڑو کی سربراہی میں شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک کمانڈنگ افسر کے فرائض سرانجام دے گی۔ انتظامیہ نے بتایا کہ تمام ٹیمیں گل پلازہ سانحے کے بعد جاری ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں گی تاکہ متاثرین کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔














