تیراہ آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ تیراہ آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر شروع کیا گیا، جبکہ قبائلی عوام کی قربانیوں کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
تیراہ آپریشن، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وفاقی حکومت پر اعتراض

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تیراہ میں آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر زور زبردستی سے شروع کیا گیا۔ انہوں نے ضلع خیبر کے مشران اور عمائدین کے جرگے کی صدارت کی، جہاں امن و امان کی صورتحال اور تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے مسائل پر غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے متاثرین کو سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت متاثرین کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور مکاتب فکر متفق ہیں کہ ملٹری آپریشن مسئلے کا حل نہیں، ہم امن کی بحالی چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 22 بڑے اور 14 ہزار چھوٹے آپریشنز کے بعد بھی امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ فیصلے بند کمروں میں کیے گئے تو نتیجہ خیز نہیں ہوں گے۔ اگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا تو بہتر ہوتا۔

سہیل آفریدی نے قبائلی عوام کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک منظم مائنڈ سیٹ ہے جو قبائل کو مین اسٹریم کا حصہ نہیں بننے دینا چاہتا۔ انہوں نے اپنے خلاف پراپیگنڈا کی مذمت کی اور عوامی حمایت سے ہر منفی بیانیے کو شکست دینے کی بات کی۔

دیگر متعلقہ خبریں